عظمیٰ نیوز سروس
امرتسر// پنجاب کے امرتسر بائی پاس پر زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ اس دھماکے سے آس پاس کے لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔ بم دھماکہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے جانچ شروع کر دی ہے۔ وہیں خبر ہے کہ جو شخص بم لگا رہا تھا اسی کے ہاتھ میں دھماکہ ہو گیا۔ اس سے وہ شخص بری طرح زخمی ہو گیا۔ دھماکے کی آواز اتنی تیز تھی کہ لوگ فورا جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ زخمی کو فورا اسپتال کے لیے پہنچایا گیا۔ لوگوں نے بتایا کہ جب وہ پہنچے تو دیکھا کہ ایک شخص بغل کے گڈھے میں پڑا چیخ رہا ہے۔ اس کے ہاتھ پیڑ اکھڑ گئے تھے۔اطلاع کے مطابق زخمی کی حالت سنگین ہے۔ ابھی تک اس کی شناخت بھی نہیں ہو پائی ہے۔ وہیں اس معاملے میں ابھی تک پولیس کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس گینگسٹر یا دہشت گردانہ واقعہ سے انکار کر رہی ہے۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ شخص کباڑی کا کام کرتا تھا۔ وہ کہیں سے بم لے کر آیا تھا اور اسے توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جس جگہ پر بم دھماکہ ہوا وہاں زیادہ بھیڑ نہیں تھی جس سے بڑا حادثہ نہیں ہوا۔یہ دھماکہ مجیٹھا روڈ بائی پاس کے پاس ہی ڈیسینٹ ایونیو کے باہر ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس کے پاس کچھ ایسا سامان ہو جس میں دھماکہ ہو گیا ہو۔ فی الحال تحقیقات چل رہی ہے۔واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پورے بائی پاس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور آس پاس کے علاقوں میں اضافی پولیس دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ بم ڈسپوزل دستہ اور فارینسک ٹیم کو بھی موقع پر بلایا گیا ہے۔ پولیس افسروں کا کہنا ہے کہ جلد ہی میڈیا کو اس معاملے سے جڑی تفصیلات فراہم کی جائے گی۔فی الحال دھماکے کی نوعیت، اس کے مقصد اور ممکنہ سازش کا تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب پنجاب میں پہلے سے ہی سیکوریٹی ایجنسیاں الرٹ پر ہیں۔