سرینگر//سیلاب کے امدادی چیک بائونس ہونے کے خلاف بٹہ مالو میں تاجروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے ۔بٹہ مالو علاقے سے تعلق رکھنے والے دکاندار اور تاجربدھ کو پریس کالونی میں نمودار ہوئے اوربتایا کہ 2014 کے تباہ کن سیلاب کے دوران وہ بری طرح سے متاثر ہوئے اور سرکار نے ان کے حق میں معاوضہ کی چیکیں تقسیم کیںلیکن ابھی تک ایک بھی پیسہ ان کے بینک کھاتوں میں جمع نہیں ہوا ہے۔مظاہرین نے بتایا کہ حلقہ انتخاب بٹہ مالو کے تاجروں اور دکانداروں کے حق میں سال 2015 کے دوران 25 ہزار اور50ہزار روپے کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے لیکن ابھی تک یہ رقومات ان کے کھاتوں میں جمع نہیں کی گئیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ تین سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود قریب3300چیک بائونس ہوئے ہیں اور انہیں امداد سے محروم رکھا گیا ہے۔