سرینگر//محکمہ امدادِ باہمی کشمیر کی جانب سے آج کواپریٹو کمپلیکس بمنہ سرینگر میں 95 ویں بین الاقوامی کواپریٹو ڈے اور 23 ویں اقوامِ متحدہ بین الاقوامی دن برائے امدادِ باہمی کو منانے کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا ۔ امدادِ باہمی کا بین الاقوامی دن ہر برس جولائی کی پہلی سنیچر کو منایا جاتا ہے ۔ مقررین نے اس برس کے موضوع سے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امدادِ باہمی تحریک دُنیا کو ایک خوبصورت مقام بنانے کیلئے کام کر رہی ہے ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کواپریٹو کے سیکرٹری و رجسٹرار بشیر احمد بٹ نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کو مکمل کرنا لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ نے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کواپریٹوز کے رول کو تسلیم کیا ہے ۔ اس موقعہ پر دیگر کئی مقررین نے ریاست جموں و کشمیر میں کواپریٹوز کے رول پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ مقررین نے کہا کہ کواپریٹوز لوگوں میں جانکاری عام کرنے اور بیداری پیدا کرنے کیلئے مختلف پروگراموں اور سیمناروں کا انعقاد کر رہا ہے ۔ اس موقعہ پر جدید شعبوں بشمول پھول بانی ، مگس بانی ، ماہی پروری وغیرہ کی پیداوار میں اضافہ کرنے کیلئے ان شعبوں کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا گیا تا کہ ریاست کے پڑھے لکھے نوجوان انٹر پرنیور شپ کے ذریعے اپنا روز گار کما سکیں ۔ تقریب میں کواپریٹوز کے ایڈیشنل رجسٹرار کشمیر ، جوائینٹ رجسٹرار ، ڈپٹی رجسٹرار صاحبان اور ضلع افسروں نے شرکت کی ۔