احمدآباد//بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کے قومی صدر امت شاہ نے سنیچر کو یہاں قومی جمہوری اتحاد میں شامل اہم پارٹیوں کے اعلی رہنماؤں کے ساتھ یہاں ایک ریلی اور روڈشوکرنے کے بعد گاندھی نگر لوک سبھا حلقہ سے پارٹی امیدوارکے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کیے ۔بی جے پی صدر نے گاندھی نگر کلکٹریٹ میں دوپہر تقریبا دوبجے دوسیٹ میں کاغذات نامزدگی داخل کیے ۔اس موقع پر مرکزی وزیرراج ناتھ سنگھ ،ارون جیٹلی ،پیوش گوئل ،شرومنی اکالی دل کے سرپرست اور پنجاب کے سابق وزیراعلی پرکاش سنگھ بادل ،شیوسینا سربراہ اودھو ٹھاکرے ،گجرات کے وزیراعلی وجے بھائی روپانی ،لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان وغیرہ موجودتھے ۔مسٹر شاہ نے کاغذات داخل کرنے سے پہلے این ڈی اے کے اعلی رہنماؤں کے ساتھ سردارپٹیل چوک پر ایک بڑی ریلی سے خطاب کیا اور وہاں سے پاٹی دارچوک تک روڈشو کیا۔ریلی میں این ڈی اے کے رہنماؤں نے وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں اتحاد کا مظاہرہ کیا اور اپوزیشن پر تندوتیزحملہ کرتے ہوئے کہامہاگٹھبندھن اب لٹھ بندھن بن گیاہے جس میں نہ سوچ ہے اور نہ ہی کوئی لیڈر ۔یواین آئی۔