یو این آئی
نئی دہلی//وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف کانگریس کے چیف وہپ جے رام رمیش کی تحریک استحقاق کی خلاف ورزی کی تجویز کا نوٹس آج راجیہ سبھا میں مسترد کر دیا گیا۔صبح ایوان میں ضروری دستاویزات رکھے جانے کے بعد چیرمین جگدیپ دھنکھڑنے ایوان کو بتایا کہ رمیش نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ترمیمی بل پر بحث کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ کی طرف سے سونیا گاندھی کے بارے میں دیے گئے بیان پر اعتراض کیا ہے اور اس سلسلے میں تحریک استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس دیا ہے۔ایوان کے چیئرمین نے کہا کہ یہ نوٹس میڈیا میں موجود ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ اس کا مقصد شاہ کی شبیہ کو خراب کرنا، بدلہ لینا اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر شاہ نے اپنے بیان کی تصدیق کے لیے 24 جنوری 1948 کی حکومت ہند کی ایک پریس ریلیز میز پر رکھی ہے۔