نئی دہلی//دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شات کو مودی حکومت کے مقابلے دہلی حکومت کی کارکردگی پر رام لیلا میدان میں عوامی بحث کرنے کا چیلنج دیا۔ کیجریوال آج ہی رام لیلا میدان میں منعقدہ عوامی جلسے میں بی جے پی کے صدر مسٹر امت شاہ کی طرف سے کئے گئے دعوی اور الزامات کا جواب دے رہے تھے ۔ کیجریوال نے ٹوئیٹ کیا کہ "امت شاہ جی، ہماری حکومت نے گزشتہ چار سال کے دوران مودی حکومت کے کاموں سے دس گنا زیادہ کام کیا ہے ۔ میں چیلنج کرتا ہوں ، آئیے ، ہم رام لیلا میدان میں دہلی کے عوام کے سامنے عوامی طورپر بحث کرتے ہیں"۔ پوروانچل والوں کے علاقوں کے لئے چودہویں مالیاتی کمیشن میں سابقہ کانگریس حکومت کے مقابلے تین گنا زیادہ فنڈ مختص کرنے کے امت شاہ کے دعوی پر مسٹر کیجریوال نے پوچھا کہ "امت شاہ جی، آپ کی حکومت نے دہلی کو چودہویں مالیاتی کمیشن میں کتنا فنڈ فراہم کیا ہے ؟ صرف 325 کروڑ روپے ؟ پو روانچل کے باشندے دہلی میں بھی رہتے ہیں۔ آپ کی حکومت نے ان کی ترقی کے لئے رقم کیوں نہیں دی؟ دہلی میں رہنے والے پوروانچل کے باشندوں کے ساتھ یہ امتیازی سلوک کیوں؟"۔ دہلی پولس اور حفظان صحت کے مسئلے میں بی جے پی پر زور دار حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی کے عوام نے آپ کو صرف دو کام پولس محکمہ اور حفظان صحت کی ذمہ داری دیئے تھے اور دونوں کاموں میں آپ کی پارٹی انتہائی ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ نہ تو آپ دہلی کو صاف ستھرا رکھ سکے اور نہ پولس محکمہ کی ذمہ داری کو ڈھنگ سے ادا کر پائے ۔ دہلی والوں نے ہمیں بجلی، پانی، تعلیم اور صحت کے کام دیئے تھے ، اور ان تمام محکموں میں ہمارے کاموں کی دنیا بھر میں ستائش ہورہی ہے ۔یو این آئی ۔