جموں/یو این آئی/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے قومی صدر امت شاہ رواں ماہ کی 24 تاریخ کو جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے۔ وہ اس دوران ریاست میں پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ پارلیمانی انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے مسئلے پر مقامی لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ پارٹی ریاست کی سبھی چھ پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کسی بھی جماعت کے ساتھ قبل از انتخاب اتحاد نہیں کرے گی‘۔ پارٹی صدر کے ہمراہ بی جے پی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) رام لال، قومی جنرل سکریٹری رام مادھو و اویناش رائے کھنہ بھی ہونگے۔ امت شاہ پارلیمانی انتخابات کے لئے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لئے قومی سطح کے لیڈران سمیت ریاستی یونٹ کے لیڈران بشمول ریاستی صدر، ریاستی جنرل سکریٹری، ممبران پارلیمنٹ، سابق ممبران اسمبلی و کونسل اور دیگر سینئر پارٹی عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ شاہ اپنے دورے کے دوران الیکشن بوتھ انچارجوں کی ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔