نئی دہلی//راجیہ سبھا کے چیئر مین ایم وینکیا نائیڈو نے جمعرات کو کہاکہ آسام میں شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی )کے معاملہ پر ایوان میں ہوئی بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر امت شاہ نے غیر پارلیمانی زبان استعمال نہیں کی تھی ۔ راجیہ سبھا میں کانگریس کے نائب رہنما آنند شرما کے ذریعہ بدھ کے روز ضابطہ 238کے تحت اٹھائے گئے سوال پر کہاکہ مسٹر شاہ نے اپنا موقف رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کے علاوہ کسی وزیر اعظم کانام نہیں لیا اور انھوں نے مسٹر گاندھی کانام بھی حقائق کی بنیاد پر لیاہے ۔انکی تقریر میں کسی غیر پارلیمانی لفظ کا استعمال نہیں ہوا۔ انھوں نے کہاکہ مسٹر شرما نے ہی بدھ کو ایک غیرپارلیمانی لفظ استعمال کیا تھا جسے کارروائی سے حذف کردیاگیاہے ۔ واضح رہے کہ مسٹر شاہ نے منگل کو اپنی تقریر میں کہاتھا کہ این آر سی کی پہل کانگریس کی حکومت کے دوران سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی نے آسام معاہدہ پر دستخط کرکے کی تھی ۔اس پر عمل درآمد کی کسی میں ہمت نہیں تھی ہم نے یہ ہمت دکھائی ہے ۔ مسٹر شرمانے سوال اٹھاتے ہوئے کہاتھا کہ مسٹر شاہ نے مسٹر گاندھی کے بعد کے سبھی وزرائے اعظم پر سوال اٹھائے ہیں ۔انھوں نے مسٹر شاہ سے اپنے الفاظ واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیاتھا۔یواین آئی