حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، وکاس کنڈل نے دسویں اوربارویں جماعت کے بورڈ امتحان کیحالیہ نتائج میں بہتر کارکردگی دکھانے والے ہونہار طلباء سے بات چیت کی۔بتا دیں گے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے 95 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اپنے دفتر میں طلب کر کے ان سے بات کی اور ان کو غیر معمولی تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد ان کی لگن اور محنت کی تعریف کی۔ ڈی سی پونچھ نے مختلف چیلنجوں کے باوجود معیاری تعلیم فراہم کرنے اور طلباء کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں سرکاری سکولوں کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اساتذہ اور والدین کی کوششوں کا اعتراف کیا جنہوں نے اپنے تعلیمی سفر کے دوران طلباء کا ساتھ دیا۔ بتا دیں کہ حالیہ نتائج میں ہائر سیکنڈری سکول گرلز سرنکوٹ سے شبانہ مرزا 500 نمبرات میں سے 491 نمبر (98.2) فیصد نمبرحاصل کئے، تبسم لطیف پاسوال، ہائر سیکنڈری سکول گرلز سرنکوٹ نے 485 (97)فیصداور آرزو آصف منہاس ہائی سکول جڑانوالی گلی نے 483 (96.6) فیصد نمبرات حاصل کئے۔ اسی طرح 12ویں جماعت کے امتحانات میں سب سے زیادہ نمبرات ہائر سیکنڈری سکول فتح پور کے محمد موتیوب نے حاصل کئے جنہوں نے 500 میں سے 478 نمبر یعنی (95.6) فیصد نمبرات حاصل کئے۔ہائر سیکنڈری سکول گرلز سرنکوٹ سے اقرا قریشی 477 نمبروں کے ساتھ (95.4) فیصد اور ہائر سیکنڈری سکول گرلز پونچھ سے ونشیکا بالی نے 476 نمبر (95.2)فیصد نمبرات حاصل کئے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے ان سبھی طلبہ و طالبات کی ستائش کی اور ان کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اینڈ پلاننگ آفیسر (ڈی ای پی او) پونچھ مختار منہاس نے اعلان کیا کہ ان نمایاں طلباء کو اعزاز دینے کے لئے جلد ہی ایک باضابطہ اعزازی تقریب منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تعلیمی نظام میں بہتری لاتے رہیں گے اور طلباء کو ان کی تعلیمی کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے ہونہار طلباء ، اساتذہ اور والدین کا ان کے غیر متزلزل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کو تشکیل دینے اور عمدگی کے جذبے کو فروغ دینے میں سرکاری اسکولوں کی کوششوں کو بھی تسلیم کیا۔