سرینگر// پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مسابقتی امتحانات(پری لمنری) کے ابتدائی مرحلے کے نتایج کا اعلان کیا ہے جس میں قریب7 ہزار امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ پبلک سروس کمیشن نے یہ امتحانات امسال19مارچ کو ریاست میں قائم8مراکز میں لئے تھے،جس کے دوران مجموعی طور پر36ہزار681امیدواروں نے شرکت کی تھی جو ابتدائی نتائج ظاہر کئے گئے ہیں ان میں سے6ہزار925امیدواروں کو مین(MAIN) امتحانات کیلئے کامیاب قرار دیا گیا جو امسال17جولائی کو منعقد کرائے جائیں گے۔ پبلک سروس کمیشن کے سیکریٹری کنٹرولر امتحانات شکیل الرحمان کا کہنا ہے کہ امتحانی نتائج میں قواعد کے تحت مجموعی طور پُر کی جانی والی اسامیوںکے25گناہ تناسب یعنی6ہزار925امیدواروں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے اور اس دوران’’ نقطہ اختتام‘‘ یعنی کٹ آف پوائنٹ مجموعی نمبرات450میں سے270.477رہا۔انہوں نے بتایا کہ مین(اصل) امتحانات میں داخلہ کیلئے کامیاب قرار دئے گئے امیدوارں کی امیدواری تاہم عارضی ہے اور مین امتحانات میں شرکت کرنے کیلئے درخواست پیش کرنے کے وقت تک حتمی اہلیت کے تعین کے ساتھ مشروط ہے۔