یواین آئی
حیدرآباد// اے پی کانگریس کی صدر وائی ایس شرمیلا نے کہا ہے کہ ہندوستان کے آئین پر بی جے پی کا حملہ جاری ہے۔انہوں نے بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے دستور پر بی جے پی کے آئین کو نافذ کرنے کی سازش کرنے کا الزام لگایا۔نہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ا یک ملک ایک چناو کا بل لوک سبھا میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکمل اکثریت کے بغیر بھی آئین کے خلاف بل پیش کرنا بی جے پی کی آمرانہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شرمیلا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس بل کی سختی سے مخالفت کرے گی جو کہ وفاقیت کی روح کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا میں ووٹنگ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بی جے پی کے پاس آئینی ترامیم کے لیے مطلوبہ دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا اس کا کوئی مطلب ہے؟ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ایوان میں آئین کو ہلاک کرنے کی کوشش کی ہے۔شرمیلا نے کہا کہ پارلیمنٹ کے پاس آئین کے ایسے اہم نکات میں ترمیم کرنے کا کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔ اگر انتخابات کروانے ہیں تو آرٹیکل 83 اور 172 جو کہ مرکزی اور ریاستی مقننہ کے لیے ایک مقررہ مدت فراہم کرتے ہیں، میں بھی ترمیم کرنی ہوگی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں کی میعاد کو لوک سبھا سے جوڑنا عوامی فیصلے کا مذاق اڑانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پانچ سال کے لیے اپنی پسند کی حکومت منتخب کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد ملک میں آمریت لانا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی انتخابی بلوں کی منظوری میں تعاون نہیں کرے گی جو آئین کے خلاف ہیں۔