عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما نے پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کو اپنے قائدین اور پنڈت نہرو کے ذریعہ بابا صاحب امبیڈکر کی بے عزتی کے لئے پوری قوم سے غیر مشروط معافی مانگنی چاہئے۔ شرما نے کہا کہ جب بھی کوئی وزیر کونسل سے استعفیٰ دیتا ہے تو انہیں ایوان میں بولنے کا موقع دیا جاتا ہے تاہم ڈاکٹر امبیڈکر کے استعفیٰ کے بعد انہیں ایوان سے خطاب کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اپنے استعفیٰ نامہ میں بابا صاحب امبیڈکر نے اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو پر سخت تنقید کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس نے کبھی بھی بابا صاحب کے استعفیٰ کو عام نہیں کیا۔کانگریس پارٹی نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی مسلسل بے عزتی، تضحیک اور تذلیل کی ہے اور وہ ہمیشہ امبیڈکر مخالف رہی ہے۔کانگریس پارٹی نے بابا صاحب کو کبھی بھی بھارت رتن، پدم بھوشن یا پدم شری سے نوازا نہیں۔ تاہم انہوں نے نارائن سدوبا کجرولکر کو، جنہوں نے بابا صاحب کو الیکشن میں شکست دی تھی، پدم بھوشن سے نوازا۔ پنڈت نہرو نے کجرولکر کے حق میں مہم بھی چلائی تھی۔ یہ کانگریس پارٹی کی اصلیت کو اجاگر کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ راہول گاندھی نے دھکا دیا جس سے اراکین پارلیمنٹ گر گئے اور زخمی ہوئے، یہاں تک کہ ہسپتال میں داخل ہوناپڑاجو کانگریس پارٹی کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے جس نے بحث میں ناکام ہونے کے بعد جسمانی ذرائع کا سہارا لیا ہے۔سنیل شرما نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ سندر لال پٹوا کے دور میں بابا صاحب کی جائے پیدائش پر ایک یادگار تعمیر کی گئی تھی۔ سابق وزیر اعظم شری چندر شیکھر نے دہلی میں امبیڈکر سینٹر کے لیے زمین کی منظوری دی تھی، لیکن کانگریس پارٹی نے اس کی تعمیر کو روک دیا۔ امبیڈکر سینٹر نریندر مودی کی حکومت میں ہی مکمل ہوا۔ مودی حکومت نے لندن میں ایک یادگار بھی بنائی جہاں بابا صاحب رہتے تھے، دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ایک یادگار قائم کی اور ناگپور میں دیکشا بھومی اور ممبئی میں چیتیا بھومی میں یادگاریں تیار کیں۔شرما نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے ایڈوینا ماؤنٹ بیٹن کو ایک خط لکھا جس میں بابا صاحب امبیڈکر کے کابینہ میں شامل نہ ہونے پر راحت کا اظہار کیا۔ ایسی سوچ اور تاریخ رکھنے والی جماعت اب باباصاحب کو عزت دینے کا دعویٰ کرنے والی انتہائی شرمناک ہے۔ کانگریس پارٹی کو اس منافقت کو ختم کرنا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پنڈت نہرو اور کانگریس کے دیگر رہنماؤں نے جس طرح سے بابا صاحب امبیڈکر کے ساتھ بدسلوکی اور توہین کی (اس کی تائید کے لیے دستاویزی ثبوت کے ساتھ) کانگریس سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس اب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تقریر کے ایک چھوٹے سے اقتباس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرکے سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہےتاہم اس قوم کے لوگ باشعور ہیں اور ایسے ہتھکنڈوں کو دیکھتے ہیں، کانگریس کی یہ کوششیں ناکام ہونا مقدر ہیں۔