شوپیاں//پیر کی شام ہومہون ناگہ بل امام صاحب شوپیان واقعہ میں جاں بحق حز ب المجاہدین سے وابستہ جنگجوشوکت احمد کمار کی آخری رسومات منگل کی صبح اسکے آبائی علاقہ ترینج شوپیاں میں انجام دی گئی۔اس دوران جنگجوئوں کی جانب سے مارے گئے پی ڈی پی کے سابق سرپنچ کے رہائشی مکان کو ایک مشتعل ہجوم نے آگ لگادی۔جنگجوںشوکت احمدکمار کی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔انکی پانچ بار نماز جنازہ پڑھائی گئی اور اس دوران نوجوانوں نے آزادی کے حق میں اوربھارت مُخالف نعرہ بازی کی۔شوکت کی نعش کو سبز پر چم میں لپٹا یا گیا تھااور جلوس کی صورت میں آبائی مقبرہ پہنچا یا گیا۔ادھر ہومہون امام صاحب ناگہ بل میں پی ڈی پی کے سابق سرپنچ جسے کل مارا گیا ،کے رہایشی مکان کو نامعلوم افراد نے سہ پہر چار بجے کے قریب نذ ر آتش کیا۔ ایس پی شوپیان شری رام امبارکر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پی ڈی پی کے سابق سر پنچ محمد رمضان شیخ کے گھرکو آگ لگائی تاہم پولیس نے افراد خانہ کو بچالیا ۔ پولیس نے مشتعل ہجوم کو قابومیں کرنے کے لئے آنسوگیس کا استعمال کیا ۔ایس پی نے مزید بتایا کہ مکان کو آگ لگانے والے چند افراد کی شناخت کرلی گئی ہے اور انکے خلاف عنقریب کارروائی شروع کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس گھناونے جرم میں کسی کو بھی نہیں بخشا جائیگا۔(شاہد ٹاک )
محبوبہ مفتی کی مذمت
سرینگر// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے شوپیان میں پی ڈی پی کارکن کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔سماجی رابطہ سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا ’’اس طرح کی کارروائی سے کوئی بھی سیاسی مقصد حاصل نہیں ہوسکتا ‘‘۔انہوں نے کہا ’’میں سابق سرپنج محمد رمضان کی ہلاکت اور اس کے مکان کو نذر آتش کرنے کی سخت مذمت کرتی ہوں ‘‘۔