سرینگر//انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم اور کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے کل بمنہ میں امام حسین ؓ ہسپتال میں ایک ڈیجیٹل ایکسرے پلانٹ کا افتتاح کیا۔وزیر نے کہا کہ اس نئے ایکسرے پلانٹ سے ہسپتال کی سہولیات میں بہتری آئے گی اور کہا کہ یہ ادارہ پچھلے کئی برسوں سے ضرورت مند مریضوں کو طبی نگہداشت کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے لئے ایک سٹی سکین مشین عنقریب خریدی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اوپریشن تھیٹر کو آنے والے دنوں میں جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔بعد میں وزیر نے جو ہسپتال کی دیکھ ریکھ پر مامور ٹرسٹ کے چیئرمین میں بھی ہیں نے وہاں موجود لوگوں اور عملے کے ساتھ بات کی اور یقین دلایا کہ ہسپتال میں لوگوں کی سہولیت کے لئے بہتر طبی انتظامات کئے جائیں گے۔اس ہسپتال کو ترقی دینے میں اپنے مرحوم والد مولوی افتخار حسین انصاری کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرحوم ایک دانشمند لیڈر تھے جنہوں نے ہمیشہ سماج کے پچھڑے طبقے کی بہبودی کے لئے کام کیا۔ وزیر نے کہا کہ ہسپتال کے لئے جلد ہی چار نئی ڈائیلیسس مشینیں خریدی جائیں گی تاکہ گردے کے امراض میں مبتلا مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات میسر ہوسکیں۔