حسین محتشم
پونچھ//نواسہ رسول سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے شب ولادت با سعادت کی مناسبت سے پوری دنیا کی طرح پونچھ میں بھی شاندار جشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔وہائیںسرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں بھی جگر گوشہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حضرت امام حسین علیہ السلام کی شب ولادت با سعادت دینی جوش و جذبے کیساتھ منائی گئی۔اس دوران امام بارگاہ عالیہ کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایاگیا۔شعبان کے ابتدائی ایام کی عیدوں یعنی تین، چار اور پانچ شعبان العمظم کی مناسبت سے حضرت امام حسین، حضرت ابوالفضل العباس اور حضرت امام زین العابدین علیھم السلام کے ایام ولادت باسعادت کے جشن میں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) نے شرکت کر کے اس مسرت موقع پر ان عظیم ہستیوں کے حضور دل کی گہرائیوں سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کی۔اس دوران شعراء کرام و منقبت خواں حضرات نے شہید کربلا کی شان میں منقبت و قصیدہ خوانی فرمائی۔دوران محفل سعید خصوصی خطاب امام و خطیب حضرت علی جامع مسجد پونچھ مولانا سید امان حیدر ہلوری نے خطاب کیا۔ اس موقع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماہ شعبان المعظم کی فضیلت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ شعبان گلستان زہرا کے بہار جان فزا کا مہینہ ہے اس مبارک مہینے میں وہ برگزیدہ ہستیاں متولد ہوئیں جنہوں نے اپنے عشق و ایمان اور صبر و استقامت سے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دین اسلام کو ایک نئی روح اور جہت عطا کی ان برگزیدہ ہستیوں نے ظلم و باطل کے خلاف تاریخ بشریت کی سب سے صبر آزما، دشوار اور قیامت خیز مزاحمت کا مظاہرہ کرکے پرچم حق و صداقت کو قیامت تک سر بلند رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین سفینہ نجات اور چراغ ہدایت ہیں، امام حسین رہتی دنیا تک ظلم و باطل کے خلاف استقامت کی علامت کے طور پر یاد کئے جاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ امام حسین ?سے ہماری بے پناہ محبت و عقیدت اور وابستگی غیر متزلزل ہے اور اس عقیدت کی شان دین و شریعت کی پابندی اور مولا حسین کی سیرت کی پیروی میں پوشیدہ ہے۔