حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے علاقہ منگناڑ میں سوئم شہدائے کربلا کی مناسبت سے مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں عزادار شریک ہوئے اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔سوئم شہدائے کربلا کی مناسبت سے امام باگاہ عالیہ میں مجلس عزا سید محمد باقر رضوی کی جانب سے مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا ۔مجالس عزا کے دوران مولانا کرار حسین جعفری نے خطاب کر کے امام عالی مقام اور شہدائے کربلا کی شہادت اور پیام محرم کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ خانہوں نے قیام حسینی کے اغراض و مقاصد اور ناگزیریت کی تشریح کی۔ انہوں نے کہا کہ صدیاں گزرنے کے باوجود معرکہ کربلا کی سرتازگی اور اہمیت و افادیت قائم و دائم ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغام عاشوراء کسی خاص مذہب یا مسلک کے لئے مخصوص نہیں، بلکہ یہ ایک آفاقی پیغام ہے، جس میں آج بھی وہی قوت اور کشش باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا حق و انسانیت کی سربلندی اور ظلم و باطل کی سرنگونی کی عملی درس گاہ ہے اور شہدائے کربلا سے عقیدت و محبت کا اولین تقاضا یہ ہے کہ ہم ہر حال میں حدود شریعت کا خیال رکھیں۔