شہدائے کربلا اور مرحوم سید منظور حسین شاہ کو خراجِ عقیدت پیش
سرنکوٹ//امام بارگاہ شریف سرنکوٹ میں یکم صفر المظفر 1447ھ بمطابق 27 جولائی 2025 کو ایک پْر سوز مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جو شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور مرحوم سید منظور حسین شاہ جعفری (سانگلہ) کے ایصالِ ثواب کے لئے مخصوص تھی۔اس روحانی مجلس میں ضلع پونچھ اور اس کے ملحقہ علاقوں سے مؤمنینِ کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کے بعد مقامی شعرائے کرام اور ذاکرین نے نعت، منقبت، سلام اور مرثیہ کے ذریعے بارگاہِ اہلِ بیت میں عقیدت کے نذرانے پیش کئے۔اس موقع پر دہلی سے آئے ممتاز علماء مولانا سید مہدی زیدی اور مولانا سید ذاکر حسین جعفری نے خطاب کیا۔ انہوں نے کربلا کے پیغامِ حریت، صبر، قربانی اور حق پر ڈٹے رہنے کی اہمیت کو موجودہ دور کے تناظر میں مدلل انداز میں بیان کیا۔معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر سید ممتاز بخاری نے بھی مجلس سے خطاب کیا اور امام حسینؑ کی قربانی کو تاریخِ انسانیت کی سب سے عظیم مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کربلا ایک دائمی تحریک ہے جو ہر دور کے مظلوم و حق پرست کے لئے رہنمائی فراہم کرتی ہے۔مجلس کے اختتام پر مولانا سید صفدر حسین جعفری نے دعائیہ کلمات ادا کیے اور مرحوم سید منظور حسین شاہ جعفری کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی سیرت نوجوان نسل کے لئے مشعلِ راہ ہے۔یہ مجلس ڈاکٹر سید افتخار حسین شاہ، سید اعجاز علی شاہ اور ڈاکٹر سید ابرار علی شاہ (پسرانِ مرحوم) کی جانب سے ایصالِ ثواب کے طور پر منعقد کی گئی تھی۔