ایجنسیز
شارجہ/حیدر علی (تین وکٹیں) کی خطرناک گیند بازی کے بعد علیشان شرافو (ناٹ آؤٹ 68) اور آصف خان (ناٹ آؤٹ 41) کی عمدہ اننگز کی بدولت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کرکٹ ٹیم نے تیسرے ٹی-20 میچ میں پانچ گیندیں باقی رہتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف سات وکٹوں سے فتح حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف یو اے ای کی یہ دوسری سیریز فتح ہے ۔شارجہ اسٹیڈیم میں بدھ کی رات کھیلے گئے ٹی-20 میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور اس نے 57 کے اسکور پر اپنی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ بنگلہ دیش کے بلے بازحیدر علی کی خطرناک گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئے ۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں پرویز حسین امان (صفر) کی صورت میں گری۔ کپتان لٹن کمار داس14، محمد توحید (صفر)، مہدی حسن (دو) اور ٹی حسن نے 18 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد شمیم حسین (نو)، رشاد حسین (چھ) اور ذاکر علی نے 34 گیندوں میں 41رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ یو اے ای کے گیند بازوں نے بنگلہ دیش کو مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 162 کے اسکور پر روک دیا۔یو اے ای کی جانب سے حیدر علی نے چار اوورز میں سات رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ مطیع اللہ خان اور صغیر خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ عاکف راجہ اور دھرو پراشر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد بیٹنگ کے لیے اتری یو اے ای کی شروعات بھی اچھی نہ رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ کپتان محمد وسیم (نو) کی صورت میں گنوا دی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے عالیشان نے محمد زہیب کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 44 رنز کی شراکت ہوئی۔ آٹھویں اوور میں آرحسین نے محمد زہیب 29کو بولڈ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد ٹی احمد نے راہل چوپڑا 13 کو آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود عالیشان تیزی سے رنز بناتے رہے ۔ اس کے بعد آصف خان نے عالیشان کے ساتھ مورچہ سنبھالا اور ٹیم کو تاریخی فتح کی جانب لے گئے ۔ یو اے ای نے 19.1 اوورز میں تین وکٹوں پر 166 رنز بنا کر میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ عالیشان نے 47 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ (ناٹ آؤٹ 68) رنز بنائے ۔ آصف خان نے 26 گیندوں پر پانچ چھکوں کے ساتھ 41 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔