یو این آئی
نئی دہلی//سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کے مملکتی وزیر اجے ٹمٹا نے منگل کو ماحولیاتی لحاظ سے حساس طرز زندگی اپنانے کی سمت میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے لیے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے غرض سے “الیکٹرک موبیلیٹی اور پائیداری مہم “کولیب انجن” کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ٹمٹا نے کل اپنے رہائش گاہ سنہری باغ سے ملک گیر الیکٹرک موبیلیٹی اور پائیداری مہم کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کی وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل کے تحت ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔’کولیب انجن’ نوجوان قیادت میں چلنے والی ای وی (الیکٹرک وہیکل) روڈ مہم ہے جس کا مقصد الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینا ہے ۔ اس کے تحت 25 سے زائد شہروں کو جوڑتے ہوئے 10,500 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ یہ مہم الیکٹرک گاڑیوں کے ذریعے سب سے طویل فاصلے کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش بھی ہے ۔مہم میں شامل نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اب اس تحریک انگیز سفر کے ذریعے ملک بھر کے شہریوں کو بیدار کرنے کے لیے روانہ ہو چکی ہے ۔