عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ہندوستانی فوج نے 113 الیکٹرک بسوں اور 43 فاسٹ چارجرز کی خریداری کے لیے میسرز جے بی ایم آٹو لمیٹڈ کے ساتھ 130.58 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کیئے ہیں ۔فوج نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ اپنی نوعیت کا یہ پہلا معاہدہ وزیر اعظم کی “ای-ڈرائیو” مہم کے مطابق ہے ، جس کا مقصد صاف ستھری اور سبز ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا ہے ۔ ان الیکٹرک بسوں کے فوج میں شامل ہونے سے تینوں افواج میں ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، جو پائیدار اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب ایک اہم قدم ہوگا، ان بسوں کی وجہ سے فوسل فیول (جیواشم ایندھن) پر انحصار کم ہوگا اور سبز ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔یہ خریداری “ہندوستانی-آئی ڈی ڈی ایم” کیٹیگری کے تحت کی جا رہی ہے ، جو ہندوستان کی سودیسی پیداواری صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہے اور “آتم نربھر بھارت” کی سمت میں دفاعی افواج کی کوششوں کی ایک نمایاں مثال ہے ۔ادھر ڈاک کے محکمے (ڈی او پی) نے سابق فوجیوں کے محکمے (ڈی ای ایس ڈبلیو) کے تعاون سے ، سابق فوجیوں سے متعلق معاون صحت اسکیم (ای سی ایچ ایس) کے تحت ای سی ایچ ایس پالی کلینک میں دستیاب نہ ہونے والی ادویات کی حصول، بُکنگ، ترسیل اور گھر پر فراہم کرنے کی سہولت کے لیے ایک مخصوص سروس کا آغاز کیا ہے ۔