جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم نے ایک میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دورہ ریاست کے تعلق سے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کمیشن ریاست میں چناؤ تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے چار اور پانچ مارچ کو جموں کشمیر کا دورہ کر رہا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے دورے کے دوران ای سی آئی کو بہم کی جا رہی سہولیات بشمول سلامتی اور لیزان افسروں کی تعیناتی کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ ای سی آئی ٹیم چار مارچ کو سرینگر کا دورہ کر کے تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، کشمیر صوبے کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ضلع پولیس سربراہوں کے ساتھ ملاقات کرے گا ۔ ٹیم چار مارچ شام کو جموں پہنچے گی اور وہاں پانچ مارچ کو مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ ملاقات کرے گی اور اس کے بعد ٹیم ڈویژنل کمشنر جموں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ جموں صوبے کے ضلع پولیس سربراہوں کے ساتھ بھی میٹنگ منعقد کرے گی ۔ دوپہر میں الیکشن کمیشن چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ اور چیف الیکٹورل افسر جے اینڈ کے شلیندر کمار کے ساتھ الگ سے ایک میٹنگ منعقد کرے گا ۔ کمیشن کی طرف سے پانچ مارچ کو ہی جموں میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔