سرینگر // لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ اگر الیکشن میں حصہ لینا جمہوریت ہے تو ان کا مکمل بائیکاٹ کرنا بھی جمہوری حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہاتھ پر نام نہاد حکمران جمہوریت کو قائم رکھنے کی باتیں کرتے پھرتے ہیں اور دوسری جانب گرفتاریوں کا وسیع چکر اور دوسرے غیر جمہوری حربوں کی بھرمار سے جنگی کیفیت برپا کردی گئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ الیکشن محض ڈھکوسلہ اور فریب ہیں۔ ملک نے کہا کہ بلدیاتی اور پنچایتی الیکشن کے نام پر ایک فوجی و پولیسی آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کے دوران نہ صرف مشترکہ مزاحمتی قیادت سے وابستہ قائدین و اراکین کو پی ایس اے یا دوسرے قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا ہے، انہیں کشمیر سے باہر جیلوں میں ڈالا گیا ہے بلکہ سیکڑوں عام جوانوں کو بھی جیلوں اور پولیس تھانوں میں ٹھونسا گیا ہے۔فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ پولیس اور فوج کے اس آپریشن کو عوام کو بااختیار بنانے اور جمہوریت کو زمینی سطح تک لے جانے کا نام دیا جارہا ہے جو انتہائی مضحکہ خیز اور مذموم ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اس جبر کے خلاف مستعدی کا مظاہرہ کریں اور مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر عمل پیرا ہوتے ہوئے الیکشن کے اس عمل سے دور رہتے ہوئے اس کا ہمہ گیر اور بھرپور بائی کاٹ کریں ۔