سرینگر// جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ جاں بحق ہوئے نوجوانوںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے غیر معتبر الیکشن کے دن اپنی بربریت کے مظاہرے کے دوران معصوم نوجوانوںکو گولیوں کا نشانہ بنایا۔موصولہ بیان کے مطابق جماعت کاایک وفد ناظم شعبہ سیاسیات ایڈوکیٹ زاہد علی کی قیادت میں ضلع بڈگام کے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیاکہ حکومت ہند نے ایک بار پھریہاں الیکشن کے ذریعے اقوام عالم کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام سعی دہرائی مگر یہاں کے باشعور اور سیاسی طور بالغ عوام نے اس لیکشن کو عملی طور پر رد کرتے ہوئے اسے ہر سطح پر ناکام بنایا اور دنیا پر یہ باور کرایا کہ ایسے انتخابات میں کشمیری عوام نہ ماضی میں دلچسپی رکھتے تھے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی اور بنیادی حق حق خودارادیت کے حصول کے لئے سرگرم عمل ہے اور اس حق کی حصولیابی کی خاطر حکومت ہند کی طرف سے ماضی میں کئے گئے وعدے کا ایفا چاہتے ہیں۔