میلبورن، 18 جنوری (یو این آئی) چھ بار کے چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ کو گائیل مونفلس کے خلاف دوسرے راؤنڈ میں فتح حاصل کرنے کے لئے جمعرات کو پسینہ بہانا پڑ گیا لیکن ومبلڈن چمپئن اور تیسری سیڈ ا سپین کی گربان مگروزا آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں بڑے الٹ پھیر کا شکار بن گئیں۔ 14 ویں سیڈ جوکووچ نے مرد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں یہاں راڈ لیور ایرینا میں 39.9 ڈگری کے گرم درجہ حرارت میں مونفلس کو 4۔6 ،6۔3 ،6۔1 ،6۔3 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی، ساتھ ہی فرانسیسی کھلاڑی کے خلاف اپنا ریکارڈ 15۔0 بھی پہنچا دیا۔ 12 بار کے گرینڈ سلیم چمپئن پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ا سپین کے البرٹ راموس ونولاس کے خلاف کھیلیں گے ۔جوکووچ نے انتہائی گرم درجہ حرارت میں ملی جیت کے بعد کہا کہ یہ بہت بے رحم تھا۔میں 40 منٹ تک کورٹ پر مر رہا تھا۔یہاں بہت گرمی ہے ۔ گزشتہ رنر اپ وینس ولیمز پہلے ہی راؤنڈ میں ہارنے کے بعد جمعرات کو خواتین کے سنگلز میں دنیا کی تیسرے نمبر کی کھلاڑی مگروزا بھی ابتدائی دور میں باہر ہو گئیں۔میلبورن میں پانچ برس بعد ان کے ساتھ ایسا پہلی بار ہوا ہے ۔ہسپانوی کھلاڑی کو 32 سالہ تائیوان کی سیہ سو وی کے خلاف دوسرے راؤنڈ میں کیریئر کی پہلا مقابلہ کافی مہنگا پڑ گیا اور وہ 6۔7، 4۔6 سے میچ ہار گئیں۔24 سالہ مگروزا نے میچ میں 43 بے جا بھولیں بھی کیں۔ آسٹریلین اوپن کی دعویدار مانی جا رہیں مگروزا کے خلاف غیر سیڈ سیہ کی یہ کیریئر کی سب سے بڑی جیت ہے ۔وہ اس سے پہلے 17 سال کے کیریئر میں صرف دو بار ہی ٹاپ 20رینک کی کھلاڑیوں کے خلاف جیت سکی ہیں۔وہیں سیہ نے تیز دھوپ میں بھی بہترین بیک ہینڈ شاٹ لگائے اور 12 ونرس لگائے ۔ وہ اب 26 ویں سیڈ اگنزسکا ردوانسکا سے کھیلیں گی۔ اپ سیٹ کے درمیان نمبر ایک خاتون کھلاڑی سمونا ہالیپ نے کینیڈا کی یوزني بکارڈ کو مسلسل سیٹوں میں 6۔2 ،6۔2 سے شکست دی۔ٹاپ سیڈ ہالیپ نے آٹھ میں سے سات بار بکارڈ کی سروس بریک کی اور اب امریکہ کی لارین ڈیویس سے کھیلیں گی۔ہالیپ کو 2014 کے ومبلڈن سیمی فائنل میں شکست دینے والی بکارڈ نے میچ میں 26 بے جا بھولیں کیں۔ جرمنی کی انجلک کربر نے اپنے 30 ویں سالگرہ کا جشن ڈونا ویکک کے خلاف 6۔4،6۔1 کی آسان جیت کے ساتھ منایا۔