جموں//بھگوا تنظیموں کی کال پر ریاسی اور اس کے گرد و نواح کے قصبوں میں مکمل بند رکھا گیا ، وہ پولیس پر خانہ بدوشوں کو ’ملک دشمن نعرے لگانے اور مویشیوں کی اسمگلنگ ‘ کے جرم میں گرفتار کرنے میں ناکام رہنے پر احتجاج کر رہے تھے۔ اے بی وی پی ، وشوہندو پریشد، بجرنگ دل ، ٹرنسپورٹروں اور تجارتی تنظیموں کا مطالبہ تھا کہ ان 11افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے جنہیں خانہ بدوشوں پر ایک پولیس چوکی کے اندر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان تنظیموں کے نمائندوں نے قصبہ میں ریلی نکالی اور انتظامیہ کو یادداشت پیش کی۔ بند کی وجہ سے علاقہ میں کشیدگی چھائی رہی تاہم کسی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ انتظامیہ نے سیکورٹی کا خاطر خواہ انتظام کیا ہوا تھا، ریاستی پولیس کے علاوہ سی آر پی ایف بھاری تعداد میں تعینات رہی۔ قابل ذکر ہے کہ پولیس نے گوجر کنبہ پر بلا اجازت مویشی لے کر چلنے کے معاملہ میں ایف آئی آر درج کر رکھا ہے ۔