سرینگر//کشمیرسے القاعدہ کی وابستگی کو تحریک آزادی کو بدنام کرنے کا حربہ قرار دیتے حزب کمانڈر ریاض نائیکو نے پاکستانی پرچم کو اپنا جھنڈا قرار دیا۔ ٹہاب جھڑپ میں جاں بحق ہوئے شارق احمد شیخ کے نماز جنازہ میں حزب کمانڈر ریاض احمد نائیکو گلزار پورہ پلوامہ میںنمودار ہوا،جس کے دوران وہاں پر موجود لوگوں نے اسلام و آزادی کے حق میں زبردست نعرہ بازی کی۔اس موقعہ پر موجود ہزاروں لوگوں سے حزب کمانڈر نے مختصر تقریر کے دوران کہا کہ القاعدہ سے وابستگی اصل میں کشمیر کی تحریک کو بدنام کرنے کیلئے ہے۔انہوں نے لوگوں سے کہا’’وہ سازشوں کا شکار نہ بنیںکیونکہ کشمیر کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘‘۔ القاعدہ کی طرف سے وادی کیلئے حال ہی میں نامز د کمانڈر ذاکر موسیٰ کا نام لئے بغیر حزب کمانڈر نے کہا کہ جن تمام لوگوں نے اسلام کا پرچم تھاما ہے ،یہ ضروری نہیں ہے کہ وہ ہمارے اپنے ہو۔انکا کہنا تھا کہ یہاں نہ کوئی القاعدہ ہے اور نہ داعش۔ریاض نائیکو نے کہا’’ پاکستانی پرچم ،ہمارا پرچم ہے،اور ہماری جدوجہد کو القاعدہ یا داعش سے وابستہ کرنا،اسکو بدنام کرنے کی ایک چال ہے‘‘۔نائیکو نے لوگوں سے کہا ’’ ان کی حمایت نہ کریں جو پاکستانی پرچم اور ہماری بھارت سے جدوجہد آزادی کی مخالفت کرتے ہیں‘‘۔ ریاض نائیکو نے اس موقعہ پرنعرے بھی بلند کئے۔