سرینگر//پی ڈی پی لیڈر اور وزیر تعلیم الطاف بخاری نے لالچوک سے اسٹیڈیم تک جلوس کی قیادت کرتے ہوئے پی ڈی پی نے اپنے دور اقتدار میں ریاست کو غیر معمولی سماجی و اقتصادی تبدیلیوں کیلئے تیار کیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ پی ڈی پی کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی ایجنڈاکی بدولت جموں کشمیر میں اگلے تین سال کے دوران بالخصوص سماجی و معاشی سطح پر انقلابی تبدیلیاں رونما ہونگی۔ پی ڈی پی کے یوم تاسیس کے موقعہ پر ممبر اسمبلی امیراکدل سید الطاف بخاری نے لالچوک سے تقریب گاہ تک ایک جلوس کی قیادت کی،جس میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔اس سے قبل لاچوک کی جنگلات گلی میں سینکڑوں لوگ ان کا انتظار کر رہے تھے جس کے بعد انہوں نے لالچوک کے مختلف راستوں،پولو ویو،ٹی آر سی تک جلوس برآمد کیا۔اس موقعہ پر جلوس میں تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر بھی موجود تھے۔جلوس کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں ریاست میں سماجی اور اقتصادی سطح پر خاطر خواہ تبدیلیاں رونما ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے اپنے یوم تاسیس سے ہی جموں کشمیر میں غیر یقینی سیاسی ماحول کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے نہ صرف جموں کشمیر میں امن اور افہام وتفہیم کیلئے ماحول سازگار بنایا بلکہ اقتصادی محاذپر بھی کئی اقدامات اٹھائے تاکہ ریاست ہر محاذپرخود کفیل اور مستحکم ہو۔انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ انکے مسائل کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔