سرینگر //ریاست کے معروف صنعت کار سید محمد اقبال بخاری کی اہلیہ اور پی ڈی پی سینئر لیڈر وسابق وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری کی والدہ سیدہ حفیظہ بیگم جمعہ کو علی الصبح شیح باغ سرینگر میں انتقال کر گئیں۔ مرحومہ مختصر عرصہ سے علیل تھیں۔ اُن کی وفات پر ریاستی گورنر این این ووہرا، نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے علاوہ دیگر سیاسی ،سماجی اور ادبی تنظیموں نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے ۔ خاندانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ موصوفہ مختصر علالت کے بعد جمعہ کی صبح انتقال کر گئیں اور صبح ہی اُن کی میت کو سرینگر سے اپنے آبائی گھر لڈورہ رفیع آباد پہنچایا گیا جہاں جمعہ نماز کے بعد انہیں آبائی مقبرہ میں دن کے تین بجے ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپردخاک کیا گیا۔ اُن کے نماز جنازہ میںریاست کی معزز شخصیات کے علاوہ جملہ دوست واحباب ، سیاسی لیڈران ،کارکنوں اوردیگرلوگوں کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ مرحومہ کا چہارم 9جولائی کو اُن کے آبائی گھر واقع لڈورہ رفیع آباد میں منعقد کیا جائے گا ۔موصوفہ ایک نیک سیرت خاتون تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی کمزوروں اور مسکینوں کی مدد کرنے میں صرف کردی ۔موصوفہ کے انتقال پر ریاستی گورنر این این ووہرا نے دُکھ کا اظہار کیا۔اپنے پیغام میں گورنر نے مرحومہ کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ(ایم پی) اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی معروف تاجر سعید محمد اقبال بخاری کی نیک سیرت اور پارسا اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے فرزند ریاست کے سابق وزیر سید الطاف بخاری کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے بھی مرحومہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے موصوفہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔