گلمرگ //وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے آج ایک میٹنگ کے دوران بارہ مولہ ضلع ترقیاتی بورڈ کی پچھلی میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کاجائیزہ لیا۔وزیر باغبانی سید بشارت بخاری، ارکان قانون سازیہ جاوید حسن بیگ، یاور دلاور میر، محمد عباس وانی، عبدالرشید ڈار، غلام نبی مونگا، محمد مظفر پرے، سیکرٹری تعلیم، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہ مولہ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں پر ہوئی پیش رفت کا جائیزہ لیا گیا اور ضلع پلان2017-18 کی حصولیابیوں کا بھی جائیزہ لیا گیا۔الطاف بخاری جو بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں، نے ترقیاتی پروجیکٹوں کی بنیادی سطح پر موثر عمل آوری پر زور دیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔بارہ مولہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ترقیاتی سرگرمیوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ254.35 کروڑ روپے کے منظور شدہ منصوبے میں سے46.07 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیںا ور اب تک29.62 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہا کہ وہ اہداف حاصل کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں۔مختلف حلقوں کے ارکان قانون سازیہ نے عوامی اہمیت کے کئی مفادات اور معاملات اُبھارے۔چیئرمین موصوف نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر لازمی کاروائی کی جائے گی۔ اس دوران الطاف بخاری نے پی ایچ ای اور پی ڈی ڈی محکموں کو ہدایت دی کہ وہ محرم الحرام کے دوران لوگوں کو پینے کے پانی اور بجلی کی بہتر سہولیات دستیاب رکھیں۔