سرینگر//وزیر برائے تعلیم نے کل یہاں رکھِ آرتھ بمنہ کا دورہ کر کے وہاں ڈل اور ژونٹھ کوہل میں رہنے والوں کی منتقلی کیلئے جاری تعمیراتی کاموں کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے رضا کار تنظیم کشمیر ویلفئیر ٹرسٹ کی جانب سے تعمیر کئے جا رہے مکانات کا بھی معائینہ کیا جس کیلئے زمین سرکار نے دی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ قریباً 100 یک منزلہ مکانات تعمیر کے انتہائی مراحل میں اور اگلے چند روز کے اندر مکمل کئے جائیں گے ۔ یہ مکانات دو کمروں کیچن ، باتھ روم اور ایک چھوٹی لابی پر مشتمل ہیں ۔ بخاری نے لاوڈا کے حکام کو 25 مئی 2017 کو ان کنبوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی تا کہ یہ لوگ ماہ رمضان کے روزوں کو اپنے نئے گھروں میں کر سکیں ۔ دورے کے دوران بخاری بستی کے لوگوں سے ملے اور ان کے مسائل بغور سُنے ۔ انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی جائیز مانگیں مرحلہ وار پوری کی جائیں گی ۔ مقامی لوگوں کی درخواست پر بخاری نے بستی کیلئے ایک پرایمری سکول کے قیام کا اعلان کیا ۔ ان سے بستی میں ڈسپنسری کے قیام کی بھی درخواست کی گئی جس پر انہوں نے غور کرنے کا یقین دلایا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ، وایس چئیر مین لاوڈا و دیگر ضلع افسران اُن کے ہمراہ تھے ۔ بعد میں وزیر نے نار بل میں فلڈ چینل کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر جاری کام کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے متعلقہ ایجنسی کو پروجیکٹ پر جاری کام میں سرعت لانے کیلئے کہا ۔ نار بل فلڈ چینل کی بحالی کا مقصد اس میں پانی لے جانے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے تا کہ سرینگر میں سیلاب کے خطرے کو کم کیا جا سکے ۔ بخاری نے تعمیراتی ایجنسی کو متنبہ کیا کہ اس سلسلے میں کام میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔