سرینگر// تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل ایس پی کالج سرینگر اور ڈائیٹ بمنہ کا دورہ کر کے ان اداروں کی کار کردگی کا جائزہ لیا۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور کمشنر سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ایس پی کالج کے عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کے دوران بخاری نے انہیں تعلیم کے معیار میں مسلسل بہتر ی لانے کی تلقین کی ۔ انہوںنے کالج انتظامیہ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ الطاف بخاری نے اس موقعہ پر موجود کلسٹر یونیورسٹی سرینگرکے وائس چانسلر کو پانچ سالہ انٹگریٹیڈ کورس شروع کرنے کی تلقین کی۔بعد میں الطاف بخاری نے ڈائیٹ بمنہ کا دورہ کر کے وہاں ٹیچرس بھون اور آڈیٹوریم پر جاری کام کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر فاروق احمد لون ، ڈائیریکٹر سکول ایجوکیشن اور ہاوسنگ بورڈ کے ڈی جی ایم بھی موجود تھے۔وزیر کو بتایا گیا کہ 101بستروں والے ٹیچرس بھون کو 7.51کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ آڈیٹوریم پر 10.39 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری کام کو مئی میں مکمل کیا جائے گا۔الطاف بخاری نے وہاں زیر تربیت اساتذہ اور تربیت کاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے لائبریری اور لیبارٹری کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ڈائیٹ حکام کی درخواست پر ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے کیمپس کے اندر سڑک کی مرمت کے لئے 2.5لاکھ روپے واگذار کئے۔