سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے قومی کیئر یر پروگرام کے تحت ایک روزہ جاب میلے کا افتتاح کیا ۔مرکزی حکومت اور ریاستی محکمہ برائے محنت و روزگار کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہاکہ اس میلے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ نوکریاں دینے والے نوکریاں حاصل کرنے والوں کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کیا جائے ۔ علاوہ ازیں سرینگر کے بے روزگار نوجوانوں کو کیئریر کونسلنگ کی سہولیات دستیاب ہوسکے۔اس موقعہ پر سرینگر کے ضلع ترقیاتی کمشنر سید عابد رشید شاہ ، ناظم تعلیم جی این ایتو کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔الطاف بخاری نے اس طرح کے میلوں کا انعقاد کرانے کے لئے متعلقہ محکمہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کار خانہ داری اور سیلف ہیلپ گروپوں کے تصور کو تقویت بخشی جانی چاہیئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے سامنے بے روزگار ی کا مسئلہ ایک بڑے چیلنج کے طور پر ابھر رہا ہے ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے یونٹ قائم کرکے اپنے لئے ترقی کی نئی راہیں کھول دیں۔بخاری نے کہا کہ محکمہ تعلیم مارچ 2018ء سے پہلے ایس ایس بی کے ذریعے سے 2500اسامیاں مشتہر کرے گا۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کو یقین دلایا کہ اگلے جاب میلے میں ان کے مطالبوں کو ملحوظ نظر رکھا جائے گا۔جن کمپنیوں نے اس میلے میں شرکت کی ان میں ایس بی آئی ، ایل آئی سی، کے وی بی آئی ، رومن ٹیکنالوجز ، این ایس ڈی سی اڑان اور کئی دیگر کمپنیاں شامل تھیں۔میلے میں کافی تعداد میں بے روزگار نوجوانوں نے شرکت کر کے مختلف کمپنیوں کے سامنے اپنے آپ کو درج کرایا۔