جموں // حکومت نے نئے نرسنگ کالجوں، سکول آف آرکیٹکٹ اور انسٹی چیوٹ آف میتھمیٹکل سائنسز میں رواں تعلیمی سیشن سے داخلہ عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ فیصلہ آج یہاں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔اس موقعہ پر تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی بھی موجود تھیں۔میٹنگ میں اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے کام کاج،نئے اداروں میں داخلے، وزیر اعظم خصوصی سکالر شِپ سکیم اور دیگر معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں اعلیٰ تعلیم کے کمشنر سیکرٹری اصغر علی سامون اور مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔الطاف بخاری نے حکام سے کہا کہ وہ نئے قائم کئے گئے کالجوں اور اداروں میں داخلہ عمل شروع کریں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاست میں پی ایم ایس ایس ایس کی عمل آوری کے حوالے سے سال2017-18 کے لئے لگ بھگ2 ہزار اُمیدواروں نے رجسٹریشن کی ہے جبکہ5 ہزار مزید اُمیدوار اپنے دستاویز داخل کرنے کے عمل سے گذر رہے ہیں۔وزیر مملکت نے پی ایم ایس ایس ایس کے ارے میں جامع بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔بعد میں کالج ٹیچروں کے ایک وفدنے وزیر موصوف کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے۔وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔