اقوام متحدہ //اقوام متحدہ کی ایک اعلیٰ اہلکار نے فلسطینوں کے ساتھ اسرائیل کے رویے کو نسل پرستانہ قرار دینے کے بارے میں ایک رپورٹ کو واپس لینے کے لیے ادارے کی طرف سے دباؤ ڈالے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔اسرائیل کے بارے میں یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے مغربی ایشیا کے معاشی اور سماجی کمیشن کی طرف سے شائع کی گئی تھی جس کی سربراہ اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری ریما خلف تھیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلی رپورٹ تھی جس میں اسرائیل کو نسل پرست قرار دیا گیا۔اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے اپنے آپ کو اس رپورٹ سے علیحدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رپورٹ اس کے مرتب کرنے والے کے خیلات کی عکاسی کرتی ہے۔لبنان کے دارالحکومت بیروت میں خلف جن کا تعلق اردن سے ہے کہا کہ انھوں نے اپنا استعفیٰ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پیش کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل ان پر رپورٹ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔اس رپورٹ کو گزشتہ روز جمعے کو ادارے کی ویب سائٹ سے ہٹا لیا گیا تھا۔ فرانسیسی خبرساں ادارے نے خلف کے حوالے سے کہا ہے کہ ’بلا شبہہ ہمیں معلوم تھا کہ اسرائیل اور اس کے اتحادی اس رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد شدید دباؤ ڈالیں گے۔‘اسرائیل نے اس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد شدید احتجاج کیا تھا اور اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اسرائیل کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل کو نسل پرستانہ جرائم کا مرتکب قرار دینے سے پہلے انھوں نے بڑی جامع اور عالمانہ تحقیق کی ہے اور ان کے پاس بے انتہا ثبوت موجود ہیں جن سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے۔یہ کمیشن جو 18 عرب ملکوں میں معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا تھا اس کی طرف سے یہ رپورٹ بدھ کے روز شائع کی گئی تھی۔سنہ 2014 میں امریکہ کے نائب وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کو قبول نہ کیا تو اسے نسل پرستانہ ملک قرار دیا جا سکتا ہے۔فلسطینیوں کے ساتھ تعلقات اسرائیل کی دفاعی اور خارجہ پالیسی کا ایک اہم نکتہ ہے۔