اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے نام کھلا خط

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ سیکریٹری جنرل اینٹوینو گوئیٹرس کے نام ایک کھلے خط میں ریاستی عوام کی طرف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ایک نمائندہ وفد کو جموں کشمیر کا دورہ کرنے کیلئے نامزد کرے اور بھارت کی حکومت پر ایسا کرنے کی اجازت فراہم کرنے کے لئے اپنا دباؤ ڈالیں۔ تاکہ وہ فوج کی جانب سے حقِ خودارادیت کا مطالبہ کرنے والوں کے جلسے جلوسوں اور پُرامن مظاہرین پر قدغنیں عائد کرنے ، فوجی طاقت کا بے تحاشا استعمال کرتے ہوئے قتل وغارت، پکڑ دھکڑ، مارپیٹ،  خواتین کے ساتھ جنسی زیادتیاں اور شخصی آزادی کے علاوہ سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرکے جملہ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا از خود مشاہدہ کرے۔گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے سامنے اس عوامی مطالبے کو بھی دہرایا کہ اس ادارے کا فرضِ منصبی ہے کہ وہ بھارت کی افواج کی طرف سے جنگی جرائم کے ارتکاب کا مشاہدہ کرنے کے بعد انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث وردی پوش مجرمین کو قرارواقعی سزا دلوانے کے لئے یہاں اپنا ایک جنگی جرائم ٹریبونل بھیج دینا چاہیے۔انہوں نے سیکریٹری جنرل سے مسئلہ کشمیر کا حل نکالنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں نبھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح کوسوو اور مشرقی تیمور جیسے مسئلوں کو حل کرنے کے لئے مداخلت کرنے کا فریضہ انجام دیا گیاہے، عین اسی طرح مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل نکالنے کے لئے اقوامِ متحدہ کی مداخت ناگزیر بن گئی ہے۔گیلانی نے انسانی حقوق کی پامالیوں کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ریاستی عوام کی طرف سے اپنے جائز حقوق کی بازیابی کے لیے پُرامن احتجاجی جلسوں اور جلوسوں پر پیلٹ گنوں کے چھروں کی بارشیں برساکر ہماری نوجوان نسل کو جسمانی طور پر معذور اور آنکھوں کی روشنی سے محروم کیا جارہا ہے۔ تعذیب خانوں میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔گیلانی  نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے برصغیر کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان جاری مخاصمت پورے برصغیر کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے اور جب تک اس مسئلہ کو پُرامن طور حل نہیں کیا جاتا پورے برِصغیر پر خطرات کے بادل منڈلاتے رہیں گے ۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *