یو این آئی
اقوام متحدہ//امریکہ نے دنیا بھر کے ممالک سے کہا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ میں ہونے والی مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر منعقدہ کانفرنس سے دور رہے ۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق خفیہ سفارتی دستاویز میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکہ نے زور دیا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر ہونے والی اقوامِ متحدہ کی کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔امریکہ نے خبردار کیا کہ کانفرنس کے بعد اسرائیل کے خلاف کوئی بھی قدم واشنگٹن کی خارجہ پالیسی کے خلاف تصور ہوگا، جس کے نتائج نکل سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کے تحت مسئلہ فلسطین کے پر امن دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس 17 سے 19 جون تک ہوگی۔ جس کی سرابراہی سعودی عرب اور فرانس کریں گے ، جبکہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے ۔دوسری جانب اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر نے امریکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا ہدف ترک کر دیا ہے ۔سفیر مائیک ہکابی نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست اب ہماری پالیسی کا حصہ نہیں ہے اور امریکہ اب آزاد فلسطینی ریاست کے مقصد کے حصول کے پیچھے نہیں ہے ۔سفیر نے واضح کہا کہ امریکہ اب ایک آزاد فلسطینی ریاست کے مقصد کی پیروی نہیں کر رہا ہے جسے تجزیہ کار امریکی مشرق وسطیٰ کی سفارت کاری کا سب سے واضح ترک قرار دیتے ہیں۔