جموں //تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ریاست کے برف والے علاقوں اور برفبانی تودے گر آنے سے متاثرہ سڑکوںکی فوری بحالی کے احکامات دئیے۔انہوںنے محکمہ تعمیرات عامہ کو اس سلسلے میں افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کر کے دِن رات کام کرنے کے احکامات دئیے تاکہ ان سڑکوں کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے ۔وزیرموصوف یہاں اپنے دفتر میں اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں مغل روڑ ، بٹوت ۔ کشتواڑ سڑک اور ڈوڈہ و کشتواڑ کی اندرونی سڑکوں کی بحالی کے کام کا جائزہ لے رہے تھے۔وزیر نے کہاکہ ریاست کی اقتصادی حالت بدلنے کے لئے سڑک رابطوںکو مستحکم کرنا لازمی ہے۔تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر نے وزیر کو بتایا کہ اس سلسلے میں ان خطوںکا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔انہوںنے وزیر کو بتایا کہ ٹھاٹھری کے نزدیک سڑک کی خرابی کے نتیجے میں ٹریفک چار روز تک بند رہا تاہم اب اس سڑک کو ٹھیک کرکے بحال کیا گیا ہے۔مغل روڑ کے تعلق سے وزیر کو بتایا گیا کہ گذشتہ چند ہفتوںکے دوران موسم کی خرابی کے نتیجے میں سڑک پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ سڑک کی بحالی کے لئے کام جاری ہے اور توقع ہے کہ 15 اپریل تک اس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل شروع ہوگی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مغل روڑ پر شوپیان سے 22کلومیٹر اور راجوری سے 18کلومیٹر مسافت ٹھیک کی گئی ہے اور باقی ماندہ 43کلومیٹر پر کام جاری ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ بسوہلی ۔ بھدوارہ سڑک پر چھتر گالہ ٹنل کی تعمیر کے لئے پروجیکٹ رپورٹ تیار ہے اور اس کو عنقریب مرکزی سرکار کو پیش کیا جائے گا جس کے بعد رقومات کی حصولیابی کا عمل شروع کیا جائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس چھتر گالہ ٹنل کی تعمیر سے بھدوارہ کو بنی اور بسوہلی کے ساتھ جوڑا جا سکے گا۔