سرینگر /نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ نے جمعرات کو کہا کہ آنے والے انتخابات میں اگر اُن کی پارٹی کو اقتدار ملا تو وہ پہلے ہی مہینے کے اندر ریاست کی اٹانومی کے سلسلے میں قرار داد اسمبلی کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اُن کی پارٹی کا ''کور ایجنڈا'' ہے۔
فاروق عبد اللہ جموں میں بھاجپا سے نکالے گئے سابق ایم ایل اے، گگن بھگت کا نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے۔
انہوں نے کہا''میری صحت اللہ تعالیٰ کے فضل سے کافی اچھی ہے اور اگر ہماری پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ محض ایک ماہ کے اندر اسمبلی میں ریاست کی اٹانومی کے سلسلے میں قرار داد لائیں گے''۔
اس سے قبل بھگت نے نیشنل کانفرنس میں فاروق عبد اللہ کی موجودگی میں شمولیت اختیار کی۔
فاروق نے بھگت کا استقبال کرتے ہوئے کہا ''ہماری پارٹی ریاست کے تینوں خطوں اور یہاں رہنے والے تمام مذاہب کیلئے کام کرے گی چاہے وہ مسلم ہوں یا ہندو، سکھ ہوں یا عیسائی''۔
بھگت کو حال ہی میں بھاجپا نے گورنر کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کی پاداش میں پارٹی سے نکال دیا تھا۔