سرینگر //نیشنل بک ٹرسٹ نئی دلی کے اہتمام سے اقبال ہائی اسکول صورہ کے آڈیٹوریم میں ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں سے وابستہ طلاب کو اسٹوری رائٹننگ کی تربیت دی گئی۔ ورکشاپ میںکلچرل اکیڈمی کے سیکریٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی مہمانِ خصوصی کے طور شامل ہوئے۔انہوںنے بچوں سے کہا کہ وہ روزانہ کسی نہ کسی زبان میں کچھ نہ کچھ لکھنے کی کوشش کریں۔اس موقعہ پر اپنی تقریر میں جاویدماٹجی نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام ماضی میں بھی منعقد ہوتے رہے ہیں اور ایسے ورکشاپ بچوں کا ٹیلنٹ سامنے لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ورکشاپ میں ایشان شالیماری ریسورس پرسن کے طور شامل رہے اور بچوں کو اسٹوری تخلیق کرنے اور لکھنے کے گن بتائے۔ این ۔بی۔ٹی سے وابستہ افسر دجوندر کمار نے کہا کہ ٹرسٹ ہر ریاست میں ایسے ورکشاپ کا انعقاد کر تا رہا ہے تاکہ بچوں کا لکھنے کا ہنر پھلے اور پھولے۔ ورکشاپ کے دوسرے سیشن میں اسکولی بچوں نے الگ الگ زبانوں میں مختلف موضوعات پر اسٹوریاں تحریر کیں جنہیں سرسری طور دیکھ لینے کے بعد ماہرین نے سراہا۔ ورکشاپ میں اقبال ہائی اسکول کی ایک سابق طالبہ ثریا رسول بھی شریک ہوئی جس نے این۔ بی۔ ٹی کے لئے کئی کتابیں تحریر کی ہیں۔ ورکشاپ میں اچھی تحریریں پیش کرنے والے بچوں میں ثریا رسول کے دستخطوں کے ساتھ ان کی تحریر کردہ کشمیری کتاب " دانا ژءر" کے نسخے تقسیم کئے گئے۔این۔بی۔ٹی کی طرف سے سبھی شرکا طلاب میں کتابیں تقسیم کی گئیں جبکہ اقبال ہائی اسکول کی طرف سے ان سبھی بچوں کو اسناد سے نوازا گیا۔