عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اندرا نگر، اقبال کالونی، سونہ وار سرینگر کے مستقل رہائشیوں نے علاقے میں بغیر لائسنس کے چلنے والے ہوٹلوں اور ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والے شدید ٹریفک جام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی سڑکیں ہوٹلوں کے مہمانوں اور سپلائی گاڑیوں کی بے ترتیب پارکنگ کی وجہ سے مستقل طور پر جام رہتی ہیں، جس سے نہ صرف عام لوگوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ ایمرجنسی سروسز تک رسائی بھی متاثر ہو چکی ہے۔شہریوں نے دعویٰ کیا کہ ہوٹل بغیر کسی رجسٹریشن کے کام کر رہے ہیں۔ ان ہوٹلوں سے منسلک بڑی گاڑیاں سڑکوں کے کنارے مسلسل کھڑی رہتی ہیں، جس سے مکینوں کی روزمرہ کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اس سنگین مسئلے کو قریبی پولیس اسٹیشن رام منشی باغ اوربادامی باغ کنٹونمنٹ بورڈکی نوٹس میں لایا تاہم کوئی مؤثر یا مستقل کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ایک مقامی شہری نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’اگر خدانخواستہ علاقے میںآگ لگ جائے یا کسی ایمرجنسی کی صورتحال پیش آئے تو فائر بریگیڈ یا ایمبولینس کے گزرنے کا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔ علاقے میں متعدد بزرگ شہری بھی مقیم ہیں جو روزانہ طبی نگہداشت کے محتاج ہیں‘‘۔مکینوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی کہ فوری طور پر ان غیرقانونی ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کی جائے، سڑکوں سے گاڑیوں کا قبضہ ختم کرایا جائے اور علاقے میں نظام بحال کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔