بھدرواہ //منگل کے روز اقبال بزم ادب کی جانب سے بزم موسیقی اور اور صوفیانہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ۔ کثیر اللسانی مشاعرہ کے بعد صوفیانہ موسیقی میں مقامی فنکاروں نے اپنے جوہر دکھائے اور سامعین کو محظوظ کیا، اردو، کشمیری اور بھدرواہی زبان میں مختلف شعراء کا کلام پیش کیا۔ اس موقعہ پر ظفر اللہ بٹ مہمان خصوصی جب کہ رحمت اللہ شیخ اور محمد اسحاق مہمانان ذی وقار کے طور پر موجود تھے۔ اقبال بزم ادب کے صدر سہیل صدیقی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے وہاں موجود شعراء اور فنکاروں کا شرکت کے لئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کی سرزمین علم و ادب کا گہوارہ رہی ہے اور اس کی جڑیں صوفی ازم اور شاعری میں پیوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشاعروں کی قدیم روایت کو زندہ رکھنے کے لئے بزم کی جانب سے ایسی ادبی محفلیں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران بزم کی جانب سے 7مشاعروں کا اہتمام کیا جا چکا ہے ۔ مجلس کی صدارت اردو شاعر ملک الیاس تنویر نے کی جب کہ ارشد راحت نے نظامت کے فرائض سر انجام دئیے ۔ محمد اسحاق ، عابد یزدانی اور ہمنوائوں کی طرف سے صوفیانہ کلام پیش کیا گیا جب کہ جن شاعروں نے اپنا کلام سنایا ان میں ملک الیاس تنویر، بشیر مبارک، سجاد سرمدی، عبدالقیوم آس، امتیاز الرحمان تنہا، ارشد راحت، محمد شریف اعجاز ، ناز سنگلی اور عاقب واحد خصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔ چیئر مین ایگزیکٹو باڈی اقبال بزم ادب عبدالقیوم آس نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور کلچرل اکادمی کے اشتراک کے لئے ممنونیت کا اظہار کیا۔