سرینگر// اقبال آباد بمنہ سرینگر میں جمعیت اہلحدیث نے لڑکیوں کیلئے خواتین کالج کی عمارت کا افتتاح کیاجس کے دوران تعلیم نسواں بالخصوص اسلامی تعلیم سے انہیں منور کرنے پر علماء نے زور دیا۔اقبال آباد میں اتوار کو جمعیت اہلحدیث کی طرف سے الکلیتہ سلفیہ البنات(خواتین کالج) کا باضابطہ طور پر افتتاح کیا گیا۔اس موقعہ پر صدر جمعیت پروفیسر غلام محمد بٹ کے علاوہ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالطیف الکندی،نائب صدور مولانا مشتاق احمد ویری،غلام محمد میر،مفتی اعظم مولنا محمد یعقوب بابا المدنی،اور پبلسٹی سیکٹری مولانا مبشر حسین موجود تھے۔4منزلہ عمارت میں450بچیوں کو تعلیم کی روشنی سے آراستہ کیا جائے گاجبکہ منتظمین کے مطابق ان میں سے قریب300بچیوں کا قیام بھی کالج ہوسٹل میں ہوگا۔ تقریب سے پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے خواتین کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کا بگاڑ اور اخلاقیات کی خستہ حالی کیلئے صنف نازک کو تعلیم سے آراستہ کرنا بہت لازمی ہے۔انہوں نے بالخصوص خواتین کو اسلامی تعلیم سے آراستہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی آغوش بچے کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے اور ایک والدہ اگر خواندہ بالخصوص اسلامی تعلیم سے واقفیت رکھتی ہو،تو وہ اپنے بچے کی بہترین طریقے سے پرورش کر سکتی ہے۔ پرووفیسر بٹ نے منشیات کے قلع قمع اور معاشرتی بگاڑ کا تدارک کرنے پر بھی زور دیا۔اس دوران مسئلہ کشمیر کو ایک مرتبہ پھر حل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے پروفیسر بٹ نے کہا کہ جب تک اس مسئلہ کو حل نہیں کیا جاتا تک تک برصغیر ہند وپاک میں امن قائم نہیں ہوگا۔ انہوں نے سرحدوں پر کشیدگی کے عالم میں جانی و مالی نقصان کے علاوہ ریاست کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر ڈاکٹر عبدالطیف الکندی نے عالمی اسلام کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے شام کے مسلمانوں کی حالت زار پر برہمی کا اظہار کیا۔تقریب میں پروفیسر حمید نسیم رفیع آباد،پروفیسر منظور اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔