چنئی// وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندستان اپنی افواج کو ناقابل شکست بنانے میں مصروف ہے کیونکہ اس کا امن کے تئیں عزم اتنا ہی مضبوط ہے جتنا کے اپنے لوگوں اور ملک کے دفاع کے تئیں ہے ۔مسٹر مودی نے کل یہاں شروع ہوئی چار روزہ دفاعی نمائش کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد کہاکہ ہندستان کی دفاعی تیاریاں امن کے اصول پر مبنی ہیں اور اسی عزم کی بنیاد پر وہ اپنی افواج کو نہایت جدید ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے ۔ عظیم ہندستانی مفکر کوٹلیہ کے اس خیال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ راجا کو اپنے لوگوں کا دفاع کرنا چاہئے لیکن انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ امن جنگ سے کہیں اچھا متبادل ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ اس اصول کو مد نظر رکھتے ہوے ہندستان اپنی افواج کو جدید ہتھیاروں لیس کرنے کے لئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہے ۔ اس کے لئے وہ دفاعی شعبہ کی پیداوار کے لئے الگ سے دفاعی صنعتی کمپلکس بھی قائم کررہا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندستان کی ہزاروں برس کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس نے کبھی کسی کی زمین پر نظر نہیں ڈالی۔ لڑائی سے ملک کو جیتنے کے بجائے اس نے دلوں کو جیتا ہے ۔ ہندستان کی زمین سے ہمیشہ امن کا پیغام گیا ہے اور ہندستان نے اپنی طاقت کا استعمال انسانی اقدار کے دفاع کے لئے کیا ہے ۔ اقوام متحدہ امن فوج میں ہندستان کا تعاون اس کی مثال ہے ۔مسٹر مودی نے کہاکہ انہیں پتہ ہے یہ آسان کام نہیں ہے اور کافی چیزیں کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ انکی حکومت نے اس کے لئے پچھلے کچھ برسوں میں ٹھوس اقدام کئے ہیں جن کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔وزیراعظم نے سابقہ کانگریسی حکومت پر پالیسی ساز فیصلے لینے میں غیریقینی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس سے دفاعی تیاریوں میں رخنہ پڑا ہے ۔ اس سست روی اور غیرفعال فیصلوں کے پیچھے کوئی مقصد ہوسکتا ہے لیکن ان سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے ۔ پرانی حکومتوں کے ذریعہ طویل عرصہ تک لٹکائے گئے موضوعات کو ان کی حکومت نے حل کیا ہے جہاں فوج کو برسوں تک بلیٹ پروف جیکٹوں کا انتظار کرنا پڑا، وہیں فضائیہ کو جنگی طیاروں کے لئے طویل انتظار کرنا پڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے جیکٹ کی سپلائی کے ساتھ ساتھ فضائیہ کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھ کر ابھی 110جنگی طیاروں کی خریداری کا عمل شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم بغیر کسی نتیجہ کے دس برس سودے کی بات چیت میں نہیں گنوا سکتے ہم نے باہمت فیصلہ کرتے ہوئے افواج کی ضرورت پوری کی ہے ۔ حکومت افواج کو ہتھیاروں سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ گھریلو مینوفیکچرنگ کے نظام کو بھی فروغ دیگی۔مسٹر مودی نے کہا کہ مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں سپلائی سیریز کی بہت اہمیت ہے اور اسی کے پیش نظر حکومت ہندستان میں بناو، ہندستان کے لئے بناو اور دنیا کو بھی فروخت کرو کے اصول پر کام کررہی ہے ۔