افغا نستان میں بھارت کا کوئی رول نہیں

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
نیو یارک//پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمددونوں ملکوں کے خدشات دور کرنے اور خطے میں قیام امن کے حوالے سے ایک عظیم نقطہ آغاز ہوگا۔نیویارک میں کونسل آن فارئین ریلیشنز کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ سلامتی کونسل کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنانے اورکشمیر میں رائے شماری کرانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا’’ہم (کشمیریوں کے )حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،ہم نے1948سے ہر فورم پر اس کی مکمل حمایت کی ہے اور ہم یہ سلسلہ جاری رکھیں گے،ہمارا ماننا ہے کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق حل کیا جانا چاہئے، اس بارے میں کوئی دو رائے نہیں ہے ، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتے ہیں اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کا احترام اور دفاع کرے‘‘۔عباسی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات بحال کرنا چاہتا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں پڑوسی ممالک کلیدی مسئلے پر مذاکرات کریں۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا’’ان مسائل کو پہلے حل کرنا ہے لیکن بد قسمتی سے ماضی قریب میں بھارت کی جارحیت بلاروک ٹوک جاری رہی ہے اور یہ قابل قبول نہیں ہے، ہم بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن اعتماد اور احترام کی بنیاد پر‘‘۔ پاکستانی وزیر اعظم سے جب بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا’’یہ ان پر ہی منحصر ہے، تمام ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے اور ایک دوسرے یہ یہاں سرمایہ کاری کرنے کا بھرپور حق ہے، لہٰذا اگر وہ ایسا چاہتے ہیں! بھارت نے ماضی میں افغانستان میں بھی سرمایہ کاری کی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ہم ایسی کسی بھی تنظیم کی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کرتے جو پاکستان کے اندر یا اس سے باہر دہشت گردی میں ملوث ہو‘‘۔ شاہد خاقان عباسی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بھارت کا کوئی سیاسی یا فوجی کردار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا ’’ اگر بھارت افغانستان کی مالی معاونت کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کی مرضی ہے لیکن ہم افغانستان میں بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کے فوجی یا سیاسی رول کو تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی ہمیں اس کا کوئی جواز نظر آتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا کوئی اور خواہاں نہیں ہے ۔عباسی نے مزید کہا’’یہ تاثر کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں، غلط اور مکمل طور بے بنیاد ہے ، ہم نے اپنی سرزمین پر دشمن کو شکست دی ہے اور ان کی پناہ گاہوں کو تباہ کردیا ہے‘‘۔  
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *