پشاور //خیبر پختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں رہائش پزیر افغانستان کے نوجوانوں اور بالخصوص طلبہ نے ہفتے اور اتوار کے درمیانی شب افغانستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں جشن منایا۔پشاور کے علاقے حیات آباد کے فلائی اوور پر منظم انداز میں درجنوں افغان نوجوان افغانستان کے قومی پرچم لہراتے ہوئے نمودار ہوئے۔ نوجوانوں نے اپنے ملک سے اظہارِ محبت کی خاطر نعرے لگاائے اور افغانستان کے روایتی ڈانس بھی کیے۔اس موقع پر بعض نوجوانوں نے لر اوبر یو افغان یعنی افغانستان اور پاکستان میں رہائش پزیر پشتون ایک کے نعرے بھی لگائے۔ایک نوجوان نے بتایا کہ وہ اپنے ملک کا یوم آزادی انتہائی خوشی سے منا رہے ہیں اور تمام دوست آج جمع ہو کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔افغان نوجوانوں کے جمع ہونے سے حیات آباد فلائی اوور، جسے باب پشاور بھی کہا جاتا ہے، پر آمدورفت میں خلل پڑ گیا اور اس موقع پر بعض پولیس اہلکاروں نے افغان نوجوانوں پر معمولی لاٹھی چارج بھی کیا۔ تاہم نوجوان فلائی اوور سے ملحقہ ایک میدان میں جمع ہو گئے جہاں اْنہوں نے پختونوں کے روایتی ڈانس اتن کا بھی مظاہرہ کیا۔پشاور ہائی کورٹ کے سابق جج شیر محمد خان نے کہا کہ افغانستان کے باشندے جہاں بھی ہوں، اْنہیں ملک کی آزادی کے سلسلے میں اظہار کا حق حاصل ہے۔اْنہوں نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر بھی بنائے جا سکتے ہیں۔