جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سربراہ اور ہند۔پاک جوائنٹ ڈیفنس کمیٹی کے ایکزیکیوٹیو چیرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے اپنے جموں ہیڈکوارٹر پرلیگل ایڈ کمیٹی کی میٹنگ کی جس میں امریکی صدر کے ذریعہ افغانستان کے لوگوں پر شدید شدت والا بم پھینکے جانے پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شدید مذمت کی گئی او ر ان کی اس حرکت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل چارٹر کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔بین الاقوامی قوانین اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) کے ماہر پروفیسربھیم سنگھ نے آج اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں افغانستان کے ایک حصہ پر بم پھینکے جانے کے لئے، جس میں ہزاروں لوگ مارے گئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت مذمت کی گئی۔ہندستانی امن پسند لوگوں کی ورلڈ پیس کونسل کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستان سمیت دنیا کے امن پسند ممالک سے عالمی امن کے لئے خطرہ بن چکی امریکی حکومت کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ۔انہوں نے امریکہ کے افغانستان پر اس خونی حملے کی مذمت کرنے کے لئے اقوام متحدہ سے جنرل اسمبلی کی میٹنگ طلب کرنے کی درخواست بھی کی۔انہوںنے کہاکہ اس معاملے میں وہ ہیگ کی آئی سی جے کی جلد مداخلت کے لئے عرضی داخل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پنتھرس پارٹی اپنی تمام دوست جماعتوں کے ساتھ مل کر امریکی حکومت کے افغانستان پر اس خونی حملے کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کا اہتمام کرے گی۔