کابل// مشرقی افغانستان میں صوبہ پکتیا کے گردیز شہر میں آج تقریبا پانچ خود کش حملہ آوروں نے ایک پولس ہیڈکوارٹر پر حملہ کر دیا جس میں بہت سے لوگوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے ۔ افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ آج صبح تقریبا ساڑھے چھ بجے ایک حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لدی ہوئی ایک گاڑی کو پولس ہیڈکوارٹر کے گیٹ کے پاس دھماکے سے اڑا دیا۔ ترجمان کے مطابق دھماکہ کے بعد چار دیگر حملہ آور گیٹ سے ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوگئے ۔ پولیس نے دو حملہ آوروں کو فوری طور پر ہلاک کردیا۔ باقی دو حملہ آور وں کی افغان خصوصی سکیورٹی فورس کے جوانوں سے جھڑپ ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق اس حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی موت ہو گئی اور پانچ دیگر جوان زخمی ہو گئے ۔ تاہم، شہر کے اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق اس حملے میں کم از کم پانچ پولس اہلکاروں کی موت ہوئی ہے اور 20 شہریوں سمیت کم از کم 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گرد تنظیم طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری لی ہے ۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق اس حملے میں 100 سے زائد پولس اہلکاروں کی موت ہوئی ہے ۔ واضح ر ہے کہ دہشت گرد تنظیم طالبان عام طور پر اس قسم کے حملے میں مرنے والوں کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر بتاتی ہے ۔ رائٹر۔