کابل، یکم جون (یو این آئی) کابل میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے پاکستان کے ساتھ جولائی اور اگست میں کابل اور لاہور میں کھیلے جانے والے دوستانہ ٹوئنٹی 20 میچوں کو منسوخ کر دیا ہے ۔ افغان کرکٹ نے گزشتہ ہفتہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ دوستانہ میچ کے بارے میں بات چیت شروع کی تھی، لیکن بدھ کو کابل میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد اے سی بی نے ان میچ کو منسوخ کر دیا ہے ۔واضح رہے کہ اس حملے میں 80 سے زائد افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ دوستانہ میچ پاکستان اور افغانستان میں کھیلے جانے تھے جہاں سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ تقریباً ختم ہو چکا ہے ۔ اے سی بی نے اگرچہ اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے ۔ بورڈ نے ٹویٹ کر کے کہا "وہ دوستانہ میچوں کو منسوخ کر رہی ہے جس کے لئے شروعات میں رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔ اے سی بی اور پی سی بی نے گزشتہ ہفتے ہی دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات بحال کرنے کے لئے اتفاق کرتے ہوئے دوستانہ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پی سی بی نے افغانستان ٹیموں کو ٹریننگ کیلئے جگہ مہیا کرانے ، کنڈشنگ کیمپ کی سہولیات پر اتفاق کیا تھا اور دونوں ممالک نے باہمی معاہدے میں جونیئر اور سینئر ٹیموں کے ایک دوسرے ممالک کے ساتھ میچوں کو لے کر بھی فیصلہ کیا تھا۔یو این آئی