کابل//افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں آج دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک گاڑی میں اچانک دھماکہ ہونے سے تقریبا 40 طالبان جنگجو ہلاک گئے اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے ۔ مقامی میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے ۔ یہ واقعہ قندھار کے ضلع معروف کے قریب پیش آیا ہے ۔ یہ دہشت گرد ایک بھاری گاڑی میں دھماکہ خیز مواد لاد کر سلامتی دستہ پر حملہ کرنے کے لئے جا رہے تھے اور اسی وقت اس میں دھماکہ ہوا۔ اس میں کم از کم 37 جنگجوؤں کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے ۔ واضح رہے کہ کل دیر رات صوبہ فاریاب کے اندھ خوئے اور کوارغان اضلاع میں طالبان جنگجوؤں نے گھات لگا کر سلامتی دستہ کی چوکیوں پر حملہ کیا تھا اور اس کے بعد سکیورٹی فورس کی جوابی کارروائی میں 11 طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے تھے ۔ اس دوران سات سکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے تھے ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ جنگجو گزشتہ رات کے واقعہ کے بعد سے جوابی کارروائی کی فراق میں تھے ۔ اس دوران سکیورٹی حکام نے خبردار کیا ہے کہ طالبان جنگجو مزید حملے کر سکتے ہیں اور وقت پر اضافی مدد نہیں ملنے سے صورتحال بگڑ سکتی ہے ۔یاد رہے افغانستان کے مشرقی صوبہ غزنی میں آج فضائی حملے میں 35 طالبان جنگجو ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہو گئے ۔ افغان فوج نے یہ حملہ طالبان کے ٹھکانوں کو ہدف بنا کر کیا تھا۔ فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غزنی کے اندار، گیرو، دیاک اور کارہ باغ اضلاع میں طالبان کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے گئے اور ان میں کل 35 جنگجو مارے گئے اور 17 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے چند کی حالت نازک ہے ۔ اس معاملے میں طالبان کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان نہیں آ یا ہے ۔