سرینگر// پی ڈی ایف چیرمین حکیم محمد یٰسین نے ریاست جموں و کشمیر آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹAFSPAکو فوری طور منسوخ کئے جانے کی مانگ کی ہے تاکہ ریاست کے لوگوں پر ظلم و تشدداور ہراسانی کا سلسلہ بند ہو۔ حکیم یٰسین نے کہا کہ اگر حکومت ریاست میں واقعی طور حالات بہتر بنانا چاہتی ہے تو افسپا کو فوری ہٹانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے بھارت کی ریاست میگھالیا اور اروناچل پردیش کے کچھ حصوں میں پہلے ہی منسوخ کیا ہے۔ جس سے ریاست میں بھی افسپا ہٹانے کا پورا جواز بن گیا ہے۔ کیونکہ ریاست کے بیشتر حصوں میں سیکورٹی صورتحال بہتر ہے۔ حکیم یاسین نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط سرکار نے اپنے ایجنڈا آف الائینس میں ریاستی عوام سے دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ افسپا ہٹانے کا بھی وعدہ کیا ہے جو تین برس گزرنے کے باوجود بھی پورا نہیں کیا جاسکا ہے۔ اُنہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مرکز کو ریاست سے افسپا منسوخ کرنے پر مجبور کریں کیونکہ اس قدم سے ریاست کے لوگوں پر روا ظلم ہراسانی اور جبر و زیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جاسکے۔حکیم یاسین نے بھاجپا کے اس بیان کی زبردست مذمت کی ہے جس میں BJPکے جنرل سیکرٹیری اشوک کول، نے ریاست میں افسپا کو فی الحال منسوخ نہ کرنے کی بات کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کے لوگوں کے تئیں نئی دھوکہ بازی اور وعدہ شکنی ہوگی۔